سابق صدر ،پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری طلبی سمن پر سخت سکیورٹی حصار میں احتساب عدالت میں پیش ہوگئے ،عدالت نے آصف علی زرداری کی اثاثہ جات ریفرنس میں "سکیورٹی خدشات کے باعث حاضری سے مکمل استثنی کی درخواست منظور کر لی

جمعرات 21 مئی 2015 19:18

سابق صدر ،پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری طلبی سمن پر سخت ..

راولپنڈی۔21مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کی جانب سے اثاثہ جات ریفرنس میں طلبی نوٹسز پر سابق صدر ،شریک چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سخت سکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش ہوگئے ہیں ،عدالت سے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر حاضری سے استثنی کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔جمعرات کو سابق صدر عدالتی وقت شروع ہونے سے قبل 8بجکر 2منٹ پر راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت میں پہنچ گئے ۔

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،یوسف رضا گیلانی ،سابق وزیر اطلاعات قمر الزمان قائرہ، شیریں رحمان سابق صدر کے ہمراہ تھیں ۔سابق صدر نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے زریعے درخواست دائر کی کہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر حاضری سے استثنی قرار دیا جائے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اور راولپنڈی کچہری میں سکیورٹی ناکافی ہوتی ہے ،فاضل جج نے درخواست منظور کر تے ہوہے استغاثہ کے دو گواہان کو طلب کر لیا اور سماعت دو جون تک ملتوی کر دی ۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کے خلاف 2001 میں سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں دائر کیے گئے ریفرنس کو گذشتہ ماہ صدراتی استثنی ختم ہونے کے بعد قومی احتساب بیورو کے چیئر مین کی درخواست پر کیس ری اوپن کر نے کی درخواست دائر کی تھی جسے فاضل جج نے منظورکرتے ہوئے سابق صدر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیے تھے ۔

جمعرات کی صبح سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی کے حوالے سے ضلعی کچہری کے اندر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ،خصوصی عدالت کے اردگرد غیر متعلقہ اشخاص کا داخلہ ممنوعہ قرار دیا گیا تھا ،سماعت سے قبل سکیورٹی حکام نے خصوصی آلات کے زریعے چیکنگ کے بعد سکیورٹی کلیئرنس دی،فاضل جج خالد رانجھا معمول کے مطابق مقررہ وقت سے قبل عدالت پہنچے ۔