حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے ‘ سید محمود غزنوی

جمعرات 21 مئی 2015 19:18

لاہور ۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم اْن پاکستانیوں کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرے جو انتہائی قیمتی زرمبادلہ ملک میں بھجواکر معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران بیرون ملک سے ترسیلات کا حجم گذشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلے میں سترہ فیصد زائد رہا جس پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے دور میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے ملک کی معاشی مشکلات کم کرنے میں ہمیشہ بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بونس واؤچر سکیم کا اعلان کیا گیا تھا، اگر اب بھی ایسی ہی مراعات دی جائیں تو بیرون ممالک سے ترسیلات میں سو فیصد اضافہ بھی کرنا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت بھی ہے۔

سید محمود غزنوی نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں سے زرمبادلہ حاصل کرنے کے لیے نہ تو انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے اور نہ ہی بجلی ،گیس ،پانی کی لہذاحکومت کو چاہیے کہ بیرون ممالک سے قیمتی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانیوں کو خاص عزت و احترام دے اور فوری طور پر ان کے لیے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تاکہ یہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بہترین کردار ادا کرتے رہیں۔