پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے لئے مفید منصوبہ ہے، پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے کا اقتصادی مرکز بن جائے گا، نجی شعبہ توانائی منصوبوں میں تقریباً 34 سے 35 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا،

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 مئی 2015 19:14

اسلام آباد ۔ 21 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کے لئے مفید منصوبہ ہے، پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے کا اقتصادی مرکز بن جائے گا، نجی شعبہ توانائی منصوبوں میں تقریباً 34 سے 35 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے چاروں صوبوں میں شروع کئے جائیں گے کیونکہ وزیراعظم نواز شریف پورے ملک کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے آئندہ دوماہ میں صنعتی علاقوں کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سے کراچی موٹر وے کا منصوبہ بھی 2018ء کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کے نقشے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بعض لوگ اسے غلط رنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مکمل ہونے سے اس خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2030ء تک پاک اکنامک کوریڈور منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔