’ آپ ہر بات پر کھڑے ہو کر چیخنا شروع کر دیتی ہیں‘،سپیکر سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی پر برہم ہوگئے

یہ ٹھیک نہیں ہے ، اگر آپ نے میری بات نہ سنی تو میں آپ کیخلاف کارروائی کروں گا،آغا سراج درانی کی تنبیہ

جمعرات 21 مئی 2015 18:37

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعرات کو اسپیکر آغا سراج درانی پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی پر سخت برہم ہوگئے اور ان سے کہاکہ آپ ہر بات پر کھڑے ہو کر چیخنا شروع کر دیتی ہیں۔ یہ ٹھیک نہیں ہے ۔ اگر آپ نے میری بات نہ سنی تو میں آپ کے خلاف کارروائی کروں گا ۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایک مرحلے پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ نصرت سحر عباسی نے وقفہ سوالات کے دوران غیر پارلیمانی ریمارکس دیئے اور کہا کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کے ساتھ کیا ہوتا ہے ، سب نے دیکھ لیا ہے ۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اسمبلی میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے اور انہیں بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے ۔ اس طرح کے ریمارکس کو حذف کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس پر نصرت سحر عباسی اٹھ کر بولنے لگیں تو اسپیکر نے ان سے کہا کہ بیٹھ جائیں ۔ چیخنے کی عادت اچھی نہیں ہے ۔ آپ جن قواعد کا حوالہ دے رہی ہیں ، ان قواعد کی کتاب کو آپ نے پھاڑ دیا تھا ۔ انہوں نے نصرت سحر عباسی کے چپ نہ ہونے پر کہا کہ اگر آپ میری بات نہیں سنیں گی تو آپ کے خلاف کارروائی کروں گا ۔

میں تمام غیر پارلیمانی ریمارکس حذف کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کی کتاب پھاڑنے والوں کے خلاف ریفرنس تیار ہو رہا ہے ۔ جلد یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجوں گا کیونکہ قواعد کی کتاب آئین کا حصہ ہے اور ان لوگوں نے آئین اور اسمبلی کی توہین کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :