بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے میچ فکسنگ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی

اتوار 17 مئی 2015 23:25

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مئی۔2015ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے رواں سیزن نیشنل کرکٹ لیگ کے فائنل راؤنڈ کے دوران مبینہ طور پر میچ فکسنگ کے دعووں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ ڈھاکہ میٹروپولس اور رنگپور ڈویژن کے مابین لیگ کے فیصلہ کن میچ کو فکسڈ کئے جانے کا انکشاف ہوا تھا، رنگپور نے ڈھاکہ کو آخری لمحات میں شکست دے کر پہلی بار این سی ایل ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس مرتبہ ٹرافی کیلئے مضبوط امیدوار کھلنا تھا، اگر رنگپور کو شکست یا مقابلہ ڈرا ہوتا تو یہ ٹائٹل کھلنا کے ہی حصے میں آتا، اس لئے میچ فکسنگ کو اس نتیجے کی وجہ قرار دیا گیا۔کھلنا نے نہ صرف بی سی بی کی ٹورنامنٹ کمیٹی اور ڈسپلنری کمیٹی سے باقاعدہ شکایت کی بلکہ ثبوت کے طور پر اپنے آفیشلز اور ڈھاکا میٹرو کے کوچ حنان سرکار کے درمیان بات چیت کی ریکارڈنگ بھی پیش کی جس پر ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان نے مبینہ شواہد مزید تحقیقات کیلئے ڈسپلنری پینل کو بھیج دیئے۔

(جاری ہے)

بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، میچ فکسنگ کے حوالے سے جو شکایات ہیں ان کی شفاف انداز میں تحقیقات ہونی چاہئے اور اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو معاملے کی چھان بین کرے گی۔

متعلقہ عنوان :