سپر ایٹ کرکٹ سیریز جیسے ایونٹس سے پاکستان کا کھیل دوست تاثر ابھر کر دنیا کے سامنے ،شہریوں کا پی سی بی سے اس تسلسل کو جاری رکھنے کا مطالبہ

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 16 مئی 2015 23:47

فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر۔سید ذکراللہ حسنی ۔اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مئی۔2015ء) قومی ٹی ٹونٹی سپر ایٹ کپ 2015کے چھٹے روز فیصل آباد وولوز اور کراچی ڈولفنز کے درمیان بارہویں میچ کے دوران اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں انتہائی پرجوش تماشائی موجود رہے۔ ہفتے کو پاکستان میں ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے وفاقی وصوبائی محکموں کے ملازمین اورتعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے بھی سٹیڈیم کا رخ کیا۔

اقبال سٹیڈیم میں پچیس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ہفتہ کے روز سٹیڈیم کے آٹھوں انکلوژرز تماشائیوں سے بھر گئے اور تقریباً بیس ہزار تماشائیوں نے میچ دیکھا۔ فیصل آباد کا میچ ہونے کی وجہ سے فیصل آباد ولووز کی ٹیم کو ہوم کراوٴڈ کا فائدہ بھی ہوا۔ کھلاڑیوں کے اچھے شاٹس پر ان کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی جاتی رہی۔

(جاری ہے)

تماشائیوں کے جوش وخروش نے اقبال سٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کی یاد تازہ کردی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ سپر ایٹ ٹی ٹونٹی میچزجیسے ایونٹس ہوتے رہنے چاہئیں تاکہ شہری اچھی تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں اور کھیل کو بھی فروغ حاصل ہو۔ کئی افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس سے پاکستان کا پرامن چہرہ دنیا کے سامنے جاتا ہے اور بین الاقوامی طور پر پاکستان کو ایک کھیل دوست ملک سمجھا جاتا ہے۔ایونٹس کے مختلف میچز پر مقامی میڈیا کی جانب سے انتظامی غلطیوں کی نشاندہی کو ضلعی انتظامیہ نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے اصلاح کی ہے۔ میڈیا منیجر شکیل خان بھی ہمہ وقت میڈیا باکس میں موجود رہے اور صحافیوں کو پروفیشنل ضروریات کی فراہمی کی جاتی رہی۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے میچ میں وقفے کے دوران سپرے بھی کیا جاتا رہا۔