کلر سیداں : کسی کو معاف کر دینا اعلی ترین فعل ہے، دہشت گرد عوام کو مفلوج اور منتشر کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام کو مایوس نہیں ہونا چاہئیے، وزیر داخلہ چوہدری نثار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 مئی 2015 12:44

کلر سیداں : کسی کو معاف کر دینا اعلی ترین فعل ہے، دہشت گرد عوام کو مفلوج ..

کلر سیداں(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 16 مئی 2015 ء) : کلر سیداں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد عوام کو تقسیم کرنا ہوتا ہے، پاکستان میں لوگوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے اور اب دہشت گرد آسان اہداف اور اقلیتوں پر حملے کر رہے ہیں، وہ یہ چاہتے ہیں کہ قوم مفلوج ہو جائے اور اس کی تمام تر توجہ اپنی کمزوریوں کی جانب ہو جائے، آپس میں لڑے، لیکن اس نازک مرحلے میں قوم کو پیغام عزم دینا چاہئیے ، قوم کو متحد کرنا سیاست ہے، انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ آسان ہے کہ فلاں استعفیٰ دے دے میں نے سانحہ کراچی پر بھی کسی وزیر سے استعفیٰ نہیں مانگا، مگر میری یہ کوشش ہے کہ یہ سوچ قائم کریں کہ ہم میں موجود کمزوریوں کو پورا کیا جائے، افواج سے کوآرڈی نیشن زیادہ کریں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہو جائے، امریکہ میں نائن الیون کے بعد قوم زیادہ متحد ہوگئی، نہ کوئی استعفیٰ دیا گیا نہ مانگا گیا.

ہمیں بھی متحد ہونا ہو گا. قوم کو چاہئیے کہ وہ مایوس نہ ہو، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی ہم نے دہشت گردوں کے لیے زمین تنگ کر دی ہے وہ زمین جو کلمے پر حاصل کی گئی اس پر ان کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اسی لیے اب وہ اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، کوئی اب یہ کیوں نہیں سوچتا کہ ملک میں دھماکے کم ہو گئے ہیں ، دہشت گردی کا علاج لڑنے سے نہیں بلکہ متحد ہونے میں ہے.

مسائل کا حل پلے ہی سال یا 6 ماہ میں نہیں ہوتا، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں جیت ہماری ہی ہو گی. دہشت گردی کے واقعات ہمارے عزم کو لرزا نہیں سکتے ہم ملک کو شر پسند عناصر اور بد امنی سے محفوظ کر کے ہی دم لیں گے.انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میں مختلف فرقوں کے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اللہ نے معاف کرنے کو اعلیٰ ترین فعل قرار دیا ہے، ہم نے طالبان سے سچے د ل سے مذاکرات کا آغاز کیا تھا لیکن ایک جانب مذاکرات ہو رہے تھے جبکہ دوسری جانب دھماکے ہوتے رہے۔ انہوں نے کارکنان کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا، نہ ہی دھوکہ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلام کا نام لے کر اسلام کا چہرہ مسخ کر رکھا ہے اسلام وہ نہیں ہے جو دہشت گرد بتا رہے ہیں۔