Live Updates

این اے 125 کے بعد این اے 122 کی وکٹ بھی گرنے والی ہے : سربراہ تحریک انصاف عمران خان

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 مئی 2015 21:33

این اے 125 کے بعد این اے 122 کی وکٹ بھی گرنے والی ہے : سربراہ تحریک انصاف ..

ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15 مئی 2015 ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا ملتان میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گرمی کے باوجود عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہیں۔ عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 1970 سے دو جماعتیں مسلسل آپس میں باریاں لے رہی ہیں۔

قوم پیچھے اور باریاں لینے والے آگے جارہے ہیں، باریاں لینے والے اپنی اولادوں کیلئے پیسہ بنا رہے ہیں۔ اس وقت مقابلہ دو نظریات اور دو سوچوں کا ہے۔ قومیں موٹروے اور میٹرو بنانے سے نہیں بلکہ عوام کی فلاح پر پیسہ خرچ کرنے سے بنتی ہیں۔ ملتان میں بہترین سڑک موجود تھی جسے اب توڑ کر 60 ارب کی میٹرو بنائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ملتان کے لوگوں کو میٹرو کی نہیں بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات کی ضرورت ہے۔

یہ پیسہ میٹرو بنانے کی بجائے کسانوں کو دیا جانا چاہیئے تھا۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انسانوں کی قدر ہو۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے گھر 2 ماہ تک لوگ دھرنا دیتے رہے اور میں نے انہیں انصاف فراہم کیا لیکن رائیونڈ محل اور بلاول ہاوَس کے پاس کوئی عام انسان جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ کراچی کے حالات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی پولیس کو سیاسی کردیا گیا اسی لیے کراچی کا امن تباہ ہوا۔

کراچی میں امن قائم کرنا رینجرز نہیں بلکہ پولیس کا کام ہے اور کراچی میں پولیس کو غیر سیاسی کیے بنا امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔کراچی کی طرح پنجاب پولیس کو بھی سیاسی مداخلت سے آلودہ کردیا گیا ہے تاہم مجھے فخر ہے کی خیبر پختونخواہ میں پولیس کو غیر سیاسی کر کے پورے ملک کیلئے مثالی پولیس بنا دیا ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دھرنا نہ دیتے تو جوڈیشل کمیشن نہ بنتا۔ جوڈیشل کمیشن میں عجیب و غریب چیزیں سامنے آرہی ہیں۔ این اے 125 کے بعد این اے 122 کی وکٹ بھی گرنے والی ہے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بدسلوکی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس واقع کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات