متحدہ عرب امارات پاکستان انڈیا کی میزبانی کرے گا، شہریار خان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 مئی 2015 20:15

متحدہ عرب امارات پاکستان انڈیا کی میزبانی کرے گا، شہریار خان

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی۔2015ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے کہا کہ رواں سال دسمبر میں پاکستان متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے درمیان 2014 میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان آٹھ سال کے دوران پانچ سیریز کھیلی جائیں گی۔

معاہدے کے تحت دسمبر میں ہونے والی سیریز میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ ہندوستانی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شہریار خان نے اتوار کو کولکتہ میں ہندوستانی بورڈ کے سربراہ جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کی اور انہیں کرکٹ بورڈ کی سربراہی ملنے پر کو مبارکباد دی۔ دونوں سربراہوں کے درمیان آدھے گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والی ملاقات میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان انڈیا سیریز بحال ہو گی، یہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی ازسرنو بحالی کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیریز شیڈول کے مطابق دسمبر میں کھیلی جائے گی جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان انڈیا سیریز دنیائے کرکٹ کی کسی بھی سیریز سے زیادہ اہم ہے، حتیٰ کہ یہ ایشز سے بھی زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان انڈیا کی سیریز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور پاکستان کو سیریز کے انعقاد کی پیشکش کی۔ اس موقع پر شہریار نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات میں بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر جگموہن ڈالمیا کو خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے ڈالمیا کے ساتھ تعلقات بہت پرانے ہیں، میں یہاں میزبانی کرنے پر ڈالمیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس موقع پر جگموہن ڈالمیا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلئے پرعزم ہوں لیکن انہوں نے اس حوالے سے تمام معاملات حکومت کی اجازت سے مشروط کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیریز کی بحالی کیلئے بہت پرامید ہیں، کچھ چیزیں حل ہونا باقی ہیں اور یقیناً ہم حکومت اور وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر کوئی حتمی قدم نہیں اٹھا سکتے۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 سے کوئی مکمل دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی خصوصاً 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات خراب ہونے کا کرکٹ پر بھی گہرا اثر پرا۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس دوران واحد سیریز 2012 میں کھیلی گئی تھی جس میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے تھے تاہم اس کے علاوہ کوئی سیریز نہیں کھیلی گئی اور دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی کے مقابلوں یا ایشیا کپ میں مدمقابل آئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :