افغان حکومت نے میرے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کی بازیابی کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ذوالفقار مرزا کا معاملہ نان ایشو ہے، اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، فہمیدہ مرزا کو سیکورٹی دینے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی ملتا ن ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 10 مئی 2015 16:31

افغان حکومت نے میرے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کی بازیابی کے لئے تعاون ..

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 مئی۔2015ء ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ خیر سگالی جذبے کے تحت افغانستان گئے ، افغان حکومت نے میرے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کی بازیابی کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ذوالفقار مرزا کا معاملہ نان ایشو ہے اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے تاہم فہمیدہ مرزا کو سیکورٹی دینے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کردی ہے۔

وہ اتوار کوافغانستان کے دورے سے واپسی پر ملتا ن ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ کابل سے واپسی پر ان کی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات ہوئی ہے جس میں سپیکر سے درخواست کی ہے کہ سابق سپیکر فہمیدہ مرزا کو ان کو سٹیٹس اور سابق عہدے کے مطابق سیکورٹی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی لڑائی آج سے نہیں کافی عرصے سے ہے تاہم یہ نان ایشو ہے اس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کے مطابق ان کا بیٹا علی حیدر گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر افغانستان میں ہیں ۔ سابق صدر زرداری نئی افغان حکومت کو مبارک باد دینے کے لئے گئے تھے اس دوران مغویوں کی بازیابی کے حوالے سے بات ہوئی تو افغان حکومت نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2013کے الیکشن کو پہلے ہی آراوز کا الیکشن کہا تھا اس کے باوجود نتائج کو تسلیم کیا، جوڈیشل کمیشن کے معاملات پر رننگ کمنٹری نہیں ہونی چاہیئے ۔

ان کا کہنا تھا وفاقی حکومت بجٹ میں عام آدمی ، کسانوں ، مزدوروں اور ملازمین کو ریلیف دینے کے لئے اقداما ت کرے۔ سابق وزیراعظم نے اس موقع پر گلگت ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے رفیق جوانہ کو گورنر پنجاب بننے کی مبارک باد بھی دی اور کہا کہ امید ہے رفیق رجوانہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی 196کے الیکشن میں ہم اختر بھٹہ کو ٹکٹ دینا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے معذرت کر لی تو ہمیں سات درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے کارکنوں کی مشاورت سے محمد حسین ارائیں کو ٹکٹ جاری کیا گیاپیپلز پارٹی آئندہ بھی کارکنوں اور تنظیموں کی مشاورت سے فیصلے کرے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر جارہے ہیں وہ فصلی بٹیرے ہیں۔ انہوں نے کہا اپنے دورکے نامکمل منصوبوں کی تکمیل کے لئے وزیراعظم نواز شریف سے بات کی تھی اور انہیں کہا تھا کہ میرے دور میں شروع کئے ملتان فیصل آباد موٹروے ، کینسر ہسپتال سمیت دیگر نامکمل منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا دیئے جائیں تو نئے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔