نلتر ہیلی کاپٹرحادثہ: متاثرہ ممالک کے وفود میتیں لینے پاکستان پہنچ گئے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 مئی 2015 13:03

نلتر ہیلی کاپٹرحادثہ: متاثرہ ممالک کے وفود میتیں لینے پاکستان پہنچ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی۔2015ء) نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے سفارتی اہلکاروں کے متعلقہ ممالک کے وفود پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ناروے، فلپائن، انڈونیشیا اور ملائشیا کے وفود پاکستان آئے ہیں اور ان کے ہمراہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ماہرین بھی موجود ہیں۔ مذکورہ ممالک کے ماہرین اپنے ممالک کے سفیروں کی میتوں کی شناخت میں پاکستان کی مدد کریں گے۔

تین میتوں کے ڈی این اے ٹیسٹ کی تیاریاں سی ایم ایچ اسپتال میں مکمل ہوچکی ہیں اور پاکستابی ڈاکٹر اور متعلقہ ممالک کے ماہرین مشترکہ ڈی این اے رپورٹ تیار کریں گے۔ دوسری جانب نیدرلینڈ کے سفیر جو کہ حادثے میں زخمی ہوئے ہیں ان کو لینے کے لئے ایئر ایمبولینس جلد ہی پاکستان پہنچنے والی ہے۔

(جاری ہے)

دفترِ خارجہ سے جاری کردہ اعلامیے کےمطابق ضابطے کی کاروائی میں دو سے تین دن کا وقت درکار ہے جس کے بعد مذکورہ ممالک کے سفیروں کی میتیں ان کے آبائی ممالک عزت و احترام کے ساتھ روانہ کردیں جائیں گی۔

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف اعلان کرچکے ہیں کہ ہرمیت کے ساتھ ایک وفاقی وزیربھی جائے گا۔ پاک فوج کے ایم 17 ہیلی کاپٹر کو 08 مئی 2015 کو تکنیکی خرابی کے سبب گلگت کے علاقے نلترمیں حادثہ پیش آیا تھا جس میں دو پائلٹس اور چیف انجینئر شہید جبکہ 6 غیرملکی افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ناروے کے سفیر،فلپائن کےسفیر اور ان کی اہلیہ اور ملائشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات شامل ہیں۔ حادثے میں پولینڈ اورہالینڈ کے سفیروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہید ہونےوالےپائلٹس میجر فیصل اور میہجر التمش ہیں۔

متعلقہ عنوان :