محسن حجازی، ریاض شاہد اور 'طفلی' نے اردو سورس ایوارڈز 2015ء جیت لیے،ڈاکٹر محمود غزنوی اور وسعت اللہ خان نے ایوارڈز تقسیم کیے؛ سوشل میڈیا سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد میں شرکت

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 9 مئی 2015 19:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9مئی۔2015ء) اردو سورس کے زیر انتظام جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغِ عامہ کے اشتراک سے اردو سوشل میڈیا سمٹ 2015ء کا انعقاد ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم (ایچ ای جے) میں ہوا جس میں پاکستان بھر سے بلاگران اور سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کی بڑی تعداد کے علاوہ جامعہ کراچی کے اساتذہ، طلبا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سمٹ میں دانشور غازی صلاح الدین، شاہی انٹرپرائزز کے سربراہ غیاث الدین، کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری منظور حمید آرائیں، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر خورشید تنویر، بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے ایڈیٹر عامر احمد خان، نامور صحافی و کالم نگار وسعت اللہ خان، جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے چیئرمین محمود غزنوی، معروف کاروباری شخصیت ریحان اللہ والا، آئی بی اے کے پروفیسر نعمان الحق، اے آر وائی کے صحافی فیض اللہ خان، سماءنیوز کے اینکرپرسن فیصل کریم اور صحافی و دانشور رعایت اللہ فاروقی نے روایتی میڈیا اور سوشل میڈیا کے حوالے سے اردو زبان کے استعمال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر تین زمروں میں اردو سورس ایوارڈز تقسیم کیے گئے جن میں اردو کا موثر استعمال کرنے پر بہترین فیس بک صفحے کا ایوارڈ 'طفلی' (http://www.facebook.com/Tiflee.pk) کو دیا گیا جبکہ بہترین اردو ٹویٹر صارف کا ایوارڈ محسن حجازی (http://twitter.com/mohsinhijazee) نے اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ بہترین اردو بلاگ کا ایوارڈ 'جریدہ' (http://www.riazshahid.com)کے عنوان سے بلاگ لکھنے والے ریاض شاہد نے حاصل کیا۔ ڈاکٹر محمود غزنوی اور وسعت اللہ خان نے ایوارڈز تقسیم کیے۔ ان ایوارڈز کے اجراء کا مقصد بلاگ اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے افراد میں اردو کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا،ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور آن لائن اردو پڑھنے اور لکھنے کے حوالے سے موجود غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔