ہیلی کاپٹر حادثہ: ناروے، فلپائن کے سفیروں سمیت 6 ہلاک

جمعہ 8 مئی 2015 14:16

ہیلی کاپٹر حادثہ: ناروے، فلپائن کے سفیروں سمیت 6 ہلاک

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مئی2015ء) گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور 2 غیر ملکی سفیروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور 4 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں میں ناروے اور فلپائن کے سفیر جبکہ ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات شامل ہیں، زخمیوں میں پولینڈ اور ڈچ سفیروں سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ حادثے میں پاک فوج کے 2 پائلٹ میجر التمش اور میجر فیصل بھی جان کی بازی ہار گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے گلگت کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر ترجمان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹرمیں 11غیرملکی اور 6 پاکستانی مسافر سوار تھے۔

متعلقہ عنوان :