پٹرول پمپوں پر فراہم کئے جانیوالے پٹرول، ڈیزل کی قیمت 67.21اور 78..01 روپے ہے، اب تک ایل این جی سپلائی کا معاہدہ طے نہیں ہوا ، بات چیت جاری ہے، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کو گیس کی فراہمی کیلئے13 سیلز میٹرنگ سٹیشنز کام کررہے ہیں، گیس چوری کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، سینیٹ کو آگاہی

جمعرات 7 مئی 2015 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) سینیٹ کوبتایاگیا ہے کہ پٹرول پمپوں پر فراہم کئے جانے والے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بشمول ٹیکس 67.21 اور 78.01 روپے ہے، ابھی تک ملک میں ایل این جی کی سپلائی کا معاہدہ طے نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے ‘ایل این جی کے ساتھ ساتھ ملک میں گیس کے ذخائر کی تلاش بھی جاری رہے گی جمعرات کو وقفہ سوالات کے دوران مختلف سینیٹرز کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت جام کمال نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کو گیس کی فراہمی کے لئے اس وقت 13 سیلز میٹرنگ اسٹیشنز کام کر ر ہے ہیں ، ان سے گیس کا ضیاع 90 فیصد سے زیادہ ہے، خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقہ جات میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے ہونے والے نقصانات میں اضافے اور ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال مذکورہ گیس کے ضیاع میں اضافے کی بڑی وجہ ہے، کمپنی نے مقامی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے ساتھ گیس کا معاملہ اٹھایا تاہم ناکافی معاونت اور وسائل کی وجہ سے مالی خسارہ جاری ہے، ایس این جی پی ایل صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں میں گیس کے غیر قانونی کنکشن کے حصول کا سلسلہ جاری رہا جسے اب روکا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس چوری کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت سے کہا ہے کہ وہ فنڈز فراہم کرے تو گیس کنکشنوں کو قانونی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال نے بتایا کہ اس وقت ملک میں پٹرول پمپوں پر فراہم کئے جانے والے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بشمول ٹیکس 67.21 اور 78.01 روپے ہے، پٹرول پمپ ڈیلر پٹرول اور ڈیزل 3.08 اور 2.60 روپے فی لیٹر منافع کے ساتھ مذکورہ قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ابھی تک ملک میں ایل این جی کی سپلائی کا معاہدہ طے نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے جو تکمیل کے قریب ہے اس بارے میں وفاقی وزیر پٹرولیم کمیٹی میں بھی اظہار خیال کر چکے ہیں، فرنس آئل کے مقابلے میں ایل این جی ہر لحاظ سے بہتر ہے، قطر سے گیس کی درآمد کے لئے طویل المدت اور قلیل المدت معاہدے طے ہوں گے، پاکستان قطر گیس سے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے بہتر قیمت پر معاہدے کرے گا، چند روز میں اس معاہدے کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ا ین جی سے سب سے زیادہ فائدہ پاور سیکٹر کو ہو گا اور اس سے توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ایل این جی کے ساتھ ساتھ ملک میں گیس کے ذخائر کی تلاش بھی جاری رہے گی۔