جوڈیشل کمیشن کی ن لیگ کو گواہوں کی فہرست سوموار تک پیش کرنے کی ہدایت

جمعرات 7 مئی 2015 14:01

جوڈیشل کمیشن کی ن لیگ کو گواہوں کی فہرست سوموار تک پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی2015ء) جوڈیشل کمیشن نے مسلم لیگ ن کو گواہوں کی فہرست سوموار تک پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ، چیف جسٹس ناصرالملک کہتے ہیں کہ چاہتے ہیں کہ گواہوں کے بیان ریکارڈ ہونے کے بعد ان پر جلد از جلد جرح مکمل ہو۔ مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں ہوا ۔

اس موقع پر سابق صوبائی الیکشن کمشنر محبوب انور کا بیان ریکارڈ ہوا ۔ تحریک انصاف کی جانب سے عبدالحفیظ پیرزادہ نے ان پر جرح کی ۔ محبوب انور کا کہنا تھا کہ انتخابی مواد کی چھپائی 5 مئی تک مکمل نہیں ہو سکی تھی ۔ عام طور پر الیکشن سے تین روز پہلے انتخابی مواد پولنگ سٹیشنز تک پہنچ جاتا ہے تاہم یہ بات درست ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن مقررہ مدت میں یہ کام مکمل نہیں کر سکا ۔

(جاری ہے)

حفیظ پیرزادہ نے ان سے استفسار کیا کہ کیا انتخابی مواد تاخیر سے پہنچنے کی کسی نے باز پرس کی جس پر محبوب انور کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ان سے کسی نے باز پرس نہیں کی ۔ زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکام کو آگاہ ضرور کیا تھا تاہم اس کی باقاعدہ منظوری نہیں لی گئی تھی ۔ جرح کے بعد کمیشن کے سربراہ جسٹس ناصر الملک نے مسلم لیگ ن کو گواہوں کی فہرست سوموار تک جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سوموار کو پورا دن کمیشن کا اجلاس ہوگا ، ہم چاہتے ہیں کہ گواہان کے بیان ریکارڈ اور ان پر جلد از جلد جرح مکمل ہو جائے ، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج تک ملتوی کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :