مقامی حکومتیں جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں، گورنر سندھ

جمعرات 7 مئی 2015 13:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتیں کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں، عوام کو نچلی سطح تک فوائد پہنچانے کیلئے مقامی حکومت کا ہونا انتہائی ناگزیر ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات امسال متوقع ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ منتخب مقامی حکومتوں کی تشکیل سے نہ صرف عوام کو فوائد حاصل ہوں گے بلکہ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں بھی تیزی آئے گی ساتھ ہی پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے یہی وجہ ہے کہ عوام تک ضروری سہولیات فراہم کرنا مشکل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور ڈی لمیٹیشن (Delimitation) سے آبادی کا نہ صرف صحیح اندازہ ہوگا بلکہ عوامی نمائندگی کا بھی معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں کینیڈین ہائی کمسنر Heather Cruden سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی شہر اوسطاً آبادی سے زائد نمو حاصل کررہا ہے جس کی بنیادی وجہ پورے ملک سے لوگوں کا روزگار کے حصول کیلئے کراچی آنا ہے جہاں اس شہر میں وسائل ہیں وہیں جرائم بھی ہیں وفاقی وصوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے یکسو ہیں کہ اس شہر سے بلاتفریق جرائم کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے صورتحال میں کافی بہتری ائی ہے جس کا اعتراف ہر سطح پر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی استعداد کے لحاظ سے موزوں ترین شہر ہے جہاں کم لاگت میں کاروبار، تجارت اور صنعت کاری کی جاسکتی ہے کیونکہ یہ پورٹ سٹی ہے اور یہاں دو بندرگاہیں بھی موجود ہیں لہذا یہاں سامان کی ترسیل واشیاء کی برآمدگی آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کا شعبہ فراہمی ونکاسی آب کے منصوبے توجہ طلب ہیں جس میں مفید سرمایہ کاری ممکن ہے جبکہ زراعت کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن سے بھاری منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتوں کو بجلی کی فراہمی تسلسل سے کی جارہی ہی یہی وجہ ہے کہ کراچی کی صنعتیں ملک کی دیر صنعتوں سے بہتر پرفارم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے سیکورٹی کے حالات میں بہتری آرہی ہے سرمایہ کار بھی اس شہر کا رخ کررہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار شہر کے استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سہل شرائط رکھی ہیں تاکہ سرمایہ کار بلاجھجک وخوف موزوں ترین حالات کا فائدہ حاصل کرسکیں۔

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر Heather Cruden نے سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ کینیڈین سرمایہ کار ان مواقع کا بھرپور فائدہ حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :