بھارت ،مغربی بنگال میں غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے مالک سمیت 12افراد ہلاک،5 زخمی

جمعرات 7 مئی 2015 13:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء ) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مدناپور میں پٹاخے اور آتش بازی کا سامان بنانے والی ایک غیر قانونی فیکٹری میں دھماکے سے 12 افراد ہلاک اور5 زخمی ہوگئے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ گزشتہ رات مغربی مدناپور میں ایک گاوٴں میں پیش آیا۔دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

مغربی مدناپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بھارتی گھوش نے بتایا ہے کہ انہوں نے عمارت کے مالک رنجن میتی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فیکٹری کے مالک رام میتی اور ان کی بیوی اس دھماکے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔عینی شائد ین کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب جسمانی اعضاء بکھرے پڑے ہیں جبکہ گاوٴں والوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد پولیس کے اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے کی تحقیقات کے لیے فورینزک ٹیم جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔یہ الزام بھی لگایا جا رہا ہے کہ اس فیکٹری کے پاس لائسنس نہیں تھا اور پولیس کو اس غیر قانونی فیکٹری کے بارے میں معلومات تھیں۔مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ فیکٹری کا مالک کے ریاست کی حکمراں پارٹی سے نزدیکیوں کی وجہ سے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ صرف غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری تھی لیکن اپوزیشن نے اس معاملے کی مرکز سے تفتیش کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کی پٹاخہ فیکٹریوں میں اس طرح کے حادثے ماضی میں بھی پیش آتے رہتے ہیں۔گذشتہ برس ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین اور آندھراپردیش کے ضلع گوداوری میں ایسے ہی واقعات میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :