الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے حوالے سے دائر عذرداریوں کی سماعت کرنے والے چھ ٹریبونلز کی مدت کار میں مزید دو ماہ کی توسیع کر دی

جمعرات 7 مئی 2015 13:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے 2013 کے عام انتخابات کے حوالے سے دائر عذرداریوں کی سماعت کرنے والے چھ ٹریبونلز کی مدتِ کار میں مزید دو ماہ کی توسیع کر دی ہے۔جن چھ ٹریبونلز کی مدت کار میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں سے چار فیصل آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں جبکہ ایک ایک پشاور اور حیدرآباد میں قائم ہے۔

ان انتخابی ٹریبونلز کی مدت 30 اپریل کو ختم ہوئی تھی تاہم اب یہ 30 جون 2015 تک کام کریں گے۔ان ٹریبونلز کی اصل مدت دسمبر 2014 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد یہ تیسرا موقع ہے کہ انھیں دو ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت ان چھ ٹریبونلز کے پاس 30 کے قریب انتخابی عذرداریاں زیرِ سماعت ہیں ‘ متعدد عذرداریوں پر فیصلے سنائے جا چکے ہیں تاحال زیر سماعت عذرداریوں میں لاہور کے حلقہ این اے 122 سمیت وہ تین حلقے بھی ہیں جن میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ابتدائی طور پر مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

این اے 122 میں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کے خلاف پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے عذرداری دائر کی گئی اور وہاں ٹریبونل نے عام انتخابات کے دوران ڈالے گئے تمام ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کروانے کا حکم دیا ہوا ہے۔حال ہی میں فیصل آباد میں قائم الیکشن ٹریبیونل نے لاہور کے ہی حلقہ این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کے انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے وہاں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا ۔