گلگت بلتستان ،دیامر میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی

خواتین اور مردوں کے الگ الگ پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے، ریٹرننگ آفیسر کی گفتگو

جمعرات 7 مئی 2015 11:42

دیامر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء ) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی ۔داریل کے ریٹرننگ افیسر سمیع اللہ فاروق نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ داریل میں مقامی جرگے کی طرف سے اس فیصلے کے آنے کے بعد نامزد امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے جس میں انھیں کہا گیا کہ اگر کوئی امیدوار اس فیصلے میں ملوث پایا گیا تو ان کے کاغذات مسترد ہوسکتے ہیں اور اس سلسلے میں ان کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افیسر نے بتایا کہ امیدواروں کے ملوث ہونے کی صورت میں ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائیگی۔جرگے میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ریٹرننگ افیسر کے مطابق جرگے میں شریک علما اور عمائدین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جس میں ان سے اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا گیا تھا۔ ان کے مطابق علما اور عمائدین کو مرد اور خواتین کے مشترکہ پولنگ سٹیشنوں پر اعتراض تھا اور ان کا موقف تھا کہ اس سے بے پردگی پھیلے گی۔ریٹرننگ افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں جرگے کے تحفظات کو دور کردیاگیا ہے اور اب خواتین اور مردوں کے الگ الگ پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :