سینیٹ نے امریکہ میں شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف سینیٹر مشاہد حسین سید کی پیش کردہ مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، سینیٹر مشاہد حسین کی ہولوکاسٹ کی طرز پرموثر قانون سازی پر زور، حکومتِ پاکستان کو اوآئی سی اور اقوام متحدہ کے توسط سے بھرپور کردار اداکرنے کی تلقین

بدھ 6 مئی 2015 23:31

سینیٹ نے امریکہ میں شائع کردہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف سینیٹر مشاہد حسین ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مئی۔2015ء) ایوانِ بالا نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے امتِ مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکہ میں حالیہ شائع شدہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے، قراردادکے متن کے مطابق سینیٹر مشاہد نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد کی شان میں گستاخی پر خاموش نہیں رہا جاسکتا،انہوں نے آزادی اظہار کی آڑ میں مغرب کے دہرے معیار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہولوکاسٹ کی طرز پر مذاہب کے احترام کو یقینی بنانے کیلئے موثرقانون سازی اور نفاذ پر زور دیا ، حکومتِ پاکستان کو تلقین کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد کا کہنا تھا کہ اسلام فوبیا کے حساس معاملے کو اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے توسط سے اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔