تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی معیشت کومضبوط بنایا جاسکتا ہے، راول شاپنگ فیسٹول کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے، شہر بھر کے بازاروں میں ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی سے صارفین کو ریلیف ملے گا

مسلم لیگ (ن) کے ر ہنما ڈاکٹر جمال ناصرکا موتی بازار میں تقریب سے خطاب

بدھ 6 مئی 2015 22:48

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی معیشت کومضبوط بنایا جاسکتا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے گذشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس اور انڈسٹری کی جانب سے شہر بھر کے مختلف بازاروں میں جاری راول شاپنگ فیسٹؤل کے سلسلے میں موتی بازار میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ راول شاپنگ فیسٹول کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے اورشہر بھر کے بازاروں میں ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طاہرہ اورنگزیب ایم این اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اور تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

اس موقع پر صدر انجمن تاجران موتی بازار چوہدری اقبال احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہر بھر کے مختلف بازاروں میں جاری راول شاپنگ فیسٹؤل ملکی تاریخ کا دوبئی شاپنگ فیسٹول کی طرز کا پہلا بڑا شاپنگ فیسٹؤل ہے جس میں اشیاء کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے ساتھ ساتھ بذریعہ قرعہ اندازی انعامات کی تقسیم بھی کی جارہی ہے جس سے ناصرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ گرد و نواح کے صارفین کی ایک بڑی تعداد مستفیذ ہو رہی ہے ۔ اس موقع پر طاہر تاج بھٹی ، راشد زبیر بٹ ، عابد مغل ، یاسر بٹ اور انجمن تاجران کے صدور ،سیکرٹری اور ممبران بڑی تعداد میں موجود تھے ۔