امریکہ اور یورپی ممالک محمد کریم ﷺ کی شان و احترام میں گستاخی کر کے اﷲ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں ۔ اشرف قریشی

بدھ 6 مئی 2015 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) جماعۃ السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں سید عامر نجیب ، مولانا نعمان اصغر ، مولانا عبد الواحد سلفی نے کہا ہے کہ امام الانبیاء محمد الرسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم ساری کائنات کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ، انکا احترام اور تقدس تمام مسلمانوں پر واجب ہے ، امریکہ اور یورپی ممالک محمد کریم ﷺ کی شان و احترام میں گستاخی کر کے اﷲ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں عنقریب ایسے ممالک اور ان کے حکمران اﷲ کے عذاب کے باعث پوری کائنات کے لئے دیدہ عبرت ہونگے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ مسلمانوں کے جذبہ ایمان کو جانچنے اور اپنے خبیث باطن کو تسکین پہنچانے کے لئے یورپی ممالک میں وقتاً فوقتاً نبی کریم ﷺ کی توہین پر مبنی خاکے شائع کئے جاتے رہے ہیں لیکن گستاخان رسول ﷺ کی مذموم کوششوں سے امت مسلمہ کے مسلمانوں کا ایمان نہ صرف بڑھ رہا ہے بلکہ وہ اپنے پیارے رسول ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے میں پہلے سے زیادہ مستعد ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعۃ السنہ پاکستان کے رہنماؤں نے گذشتہ روز مرکز ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آباد میں ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ دشمنان اسلام کی ہر سازش کا بہترین توڑ پیارے رسول ﷺ کی تعلیمات اور آپ کے فرامین و احکامات پر عمل کرنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان رسول اﷲ ﷺ کی سیرت کو پوری طرح اختیار کر کے ہی دین و دنیا کی بھلائیاں اور کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں ۔ سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ عالم کفر کی جانب سے مسلسل توھین رسالت ﷺ کے ارتکاب پر مسلم ممالک کے سربراہوں کو ایک متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنا چاہئیے تاکہ عالمی سطح پر توھین رسالت کے مجرمین کا احتساب و تدارک کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :