مقامی حکومتیں کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں عوام کو نچلی سطح تک فوائد پہنچانے کے لئے مقامی حکومت کا ہونا انتہائی نا گزیرہے، گورنر سندھ

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات امسال متوقع ہیں،ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 6 مئی 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتیں کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں عوام کو نچلی سطح تک فوائد پہنچانے کے لئے مقامی حکومت کا ہونا انتہائی نا گزیرہے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات امسال متوقع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب مقامی حکومتوں کی تشکیل سے نہ صرف عوام کو فوائد حاصل ہو نگے بلکہ انفرا اسٹرکچر ڈویویلپمنٹ میں بھی تیزی آئے گی ساتھ ہی پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیل جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے یہی وجہ ہے کہ عوام تک ضروری سہولیات فراہم کرنا مشکل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور ڈی لمیٹیشن سے آبادی کا نہ صرف صحیح اندازہ ہوگا بلکہ عوامی نمائندگی کا بھی معاملہ حل ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤ س میں کینیڈین ہائی کمشنر Heather Cruden سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی شہر اوسطاً آبادی سے زائد نمو حاصل کررہا ہے جس کی بنیادی وجہ پورے ملک سے لوگوں کا روزگار کے حصول کے لئے کراچی آنا ہے جہا ں اس شہر میں وسائل ہیں وہیں جرائم بھی ہیں وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے ادارے یکسو ہیں کہ اس شہر سے بلا تفریق جرائم کا خاتمہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کا وشوں سے صو رتحال میں کافی بہتری آئی ہے جس کا اعتراف ہر سطح پر کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی استعداد کے لحاظ سے موزوں ترین شہر ہے جہاں کم لاگت میں کا روبار ، تجارت اور صنعت کاری کی جا سکتی ہے کیونکہ یہ پورٹ سٹی ہے اور یہاں دو بندرگاہیں بھی موجود ہیں لہذا یہاں سامان کی ترسیل و اشیاء کی برآمدگی آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کا شعبہ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے توجہ طلب ہیں جس میں مفید سرمایہ کاری ممکن ہے جبکہ زراعت کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن سے بھاری منافع حاصل کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتوں کو بجلی کی فراہمی تسلسل سے کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کراچی کی صنعتیں ملک کی دیگر صنعتوں سے بہتر پر فارم کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے سیکیورٹی کے حالات میں بہتری آرہی ہے سرمایہ کار بھی اس شہر کا رخ کررہے ہیں ہماری کو شش ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کا ر شہر کے استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سہل شرائط رکھی ہیں تاکہ سرمایہ کار بلا جھجک و خوف موزوں ترین حالات کا فائدہ حاصل کرسکیں ۔

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنرHeather Crudenنے سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ کینیڈین سرمایہ کار ان مواقع کا بھرپور فائدہ حاصل کریں ۔