وزیراعظم را کی دہشت گردی پر بھارت سے دوٹوک بات کریں ، پاک فوج ثبوتوں کے بغیر بات نہیں کرتی،نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد دہشت گردی بڑھ گئی ،

مسلم لیگ( ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کا خواتین کارکنوں سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2015 22:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے کہا ہے کہ کورکمانڈر کانفرنس میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے حوالے سے را کی طرف اشارہ کرنے کے بعد حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ یہ معاملہ سفارتی سطح پر اٹھائے۔ پاک فوج کی طرف سے راء کے ملوث ہونے کے اعلامیہ کے بعد وزیراعظم پالیسی بیان جاری کریں اور بھارت کے ساتھ دو ٹوک الفاظ میں بات کریں اگر بھارت مثبت جواب نہ دے تو یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں شعبہ خواتین پنجاب کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پاک فوج کی طرف سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں را کو ذمہ دار ٹھہرانا بلا جواز نہیں ہے پاک فوج ثبوتوں کے بغیر بات نہیں کرتی ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی افواج دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ملکی تاریخ کی بدترین جنگ لڑ رہی ہے اور پاک فوج کے جوان اور افسران جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔اس جدوجہد کو متاثر کرنے والا کوئی بھی ملک پاکستان اور عالمی امن کا ہمدرد نہیں ہوسکتا۔ اس کے خلاف دشمنوں جیسا برتاؤ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب سے نریندر مودی وزیراعظم بنے ہیں خطے میں دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں۔