بلوچستان اسمبلی میں قائد تحریک الطا ف حسین کے خلاف قرار داد پیش کرنے پر مذمت کرتے ہیں ، ایم کیوایم کوئٹہ زون

بدھ 6 مئی 2015 22:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کوئٹہ زون کے جاری کردہ پریس ریلیز میں بلوچستان اسمبلی میں قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف قرار داد پیش کرنے پر شدید رد عمل کا اظہار اور پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیرداخلہ کے ہاتھ بلوچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور موصوف آج تک اپنے آقاؤں کے پے رول پر ہیں انکا ماضی دنیا کے سامنے ہے کل تک یہ کیا کرتے تھے ،یہ بلوچستان کے حقوق کا سودا کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پشتون قوم پرست فاشسٹ جماعت کے ایم پی اے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ انکے سربراہ نے ضیاء الحق کے مارشل لاء دور میں راہ فرار اختیار کرکے افغانستان میں قومی پرچم نظر آتش کیا تھا اور کچھ عرصے پہلے دورہ افغانستان میں خاد کے سربراہ جنرل عبدالرازق کے ساتھ وطن عزیز کو توڑنے کے لئے منصوبہ بندی میں مصروف تھے جوریکارڈ پر موجودہے ۔

(جاری ہے)

افغانیوں کو پاکستان سے نکالنے اور پنجابی استعمار کا نعرہ لگانے والے آج انکے ووٹ سے قومی اسمبلی کا ممبر بنے ہوئے ہیں اور پشتون قوم پرست فاشسٹ جماعت کے حوالے بہت سارے ایسے مواد ہے جو وقت آنے پر عوام کے سامنے پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین اپنی اوقات میں رہیں قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرنے والے کان کھول کر سن لیں ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں اور اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہے اور ہم قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔