بھارت کی خفیہ ایجنسی را بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات سمیت مختلف ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہے ٗ سینیٹر طلحہ محمود

بھارت کو خطہ میں امن اور اپنی ڈیڑھ ارب عوام کی بہتری کیلئے مل کر بیٹھنا چاہیے ٗ میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2015 22:07

بھارت کی خفیہ ایجنسی را بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات سمیت مختلف ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت کو خطہ میں امن اور اپنی ڈیڑھ ارب عوام کی بہتری کیلئے مل کر بیٹھنا چاہیے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے اس سے پورے ریجن کے امن کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ’’را‘‘ بلوچستان کے اندر امن و امان کی صورتحال خراب کر رہی ہے جبکہ فاٹا اور کراچی میں اسلحہ اور مالی امداد دی جا رہی ہے، طلحہ محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کو تنازعہ کے حل کیلئے مل کر بیٹھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج یورپی ممالک آپس میں اکٹھے ہو چکے ہیں، بھارت کو اپنی ڈیڑھ ارب عوام اور خطہ میں امن کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

طلحہ محمود نے کہا کہ ’’را‘‘ کی پاکستان میں ملوث کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتاہوں اس سے قبل بھی پاکستان خطہ میں امن کیلئے بہت کوششیں کر رہا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی ملک دشمن سرگرمیوں کو عالمی اداروں کے سامنے اٹھانا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پالیسیوں کو تبدیل کرنا ہو گا۔