وزیراعظم محمد نواز شریف کی حوثیوں کی طرف سے صدر ہادی کی جائز حکومت کو گرانے کی مذمت

ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنا وژن کا حصہ ہے ٗ وزیر اعظم نواز شریف مذاکرات کے ذریعے یمن بحران کا پر امن حل تلاش کیا جائے ٗ بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2015 22:05

وزیراعظم محمد نواز شریف کی حوثیوں کی طرف سے صدر ہادی کی جائز حکومت کو ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے حوثیوں کی طرف سے صدر ہادی کی جائز حکومت کو گرانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے یمن بحران کا پر امن حل تلاش کیا جائے وہ بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن الخلیفہ سے بدھ کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کررہے تھے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی برادری بحرین کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتی ہے اور دونوں عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دونوں ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان حوثیوں کی طرف سے صدر ہادی کی جائز حکومت کو گرانے کی مذمت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے بحران کا پرامن حل تلاش کرنے پر زوردیتا ہے۔

شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم کو شاہ بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے اس امر کو سراہا کہ پاکستان ہمیشہ بحرین کا مخلص دوست رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس سال جنوری میں بحرین کے اپنے دورے اور شاہ کے ساتھ ملاقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے بحرین کے شاہ کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔