تحریک نجات کا راولپنڈی\اسلام آباد کو قبضہ مافیاء سے نجات دلانے کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان

بدھ 6 مئی 2015 22:02

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) متاثرین قبضہ مافیاء نے قبضہ مافیاء سے نجات کے لئے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تحریک چلانے کے لئے ’’تحریک نجات قبضہ مافیاء‘‘کے نام سے باقاعدہ فورم تشکیل دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قبضہ مافیاء کے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بڑی تعداد میں متاثرین قبضہ مافیاء نے شرکت کی۔

قانونی معاونت کے لئے سینئرایڈووکیٹ سپریم کورٹ طارق اسدبھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کے شرکاء نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں تاجی کھوکھر گروپ،بحریہ ٹاؤن گروپ اور راجہ علی اکبر گروپ کی جانب سے زمینوں پر بڑھتے ہوئے قبضہ کرنے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قبضہ مافیاء کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو قبضہ مافیاء سے پاک کرنے لئے باقاعدہ تحریک شروع کی جائے گی۔

اس حوالے سے ’’تحریک نجات قبضہ مافیاء ‘‘کے نام سے باقاعدہ جماعت بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔تحریک نجات قبضہ مافیاء کا مرکزی صدر محمد صفدر کو مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس کے بعد متاثرین قبضہ مافیاء نے ایک بیان میں کہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر طرف قبضہ مافیاء کا راج ہے بالخصوص تاجی کھوکھر گروپ، ور راجہ علی اکبر گروپ نے ظلم و جبر کی تمام حدیں عبور کردی ہیں۔

لہٰذا اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کسی صورت قبضہ مافیاء کا راج نہیں چلنے دیا جائے گا۔راولپنڈی اسلام آباد کو قبضہ مافیاء سے پاک کرنے کے لئے ہرسطح پر جدوجہد کی جائے گی۔اس متعلق تحریک نجات قبضہ مافیاء اپنی حکمت عملی کا اعلان 9مئی کو دن چار بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس میں کرے گی۔دوسری طرف نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں قبضہ مافیاء کے خلاف آج (بدھ )کی طے شدہ پریس کانفرنس پیپلز پارٹی کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب میں سیمینار کی وجہ سے 9مئی تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔