گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی مضر صحت برف بنانے والوں نے کام شروع کردیا

بدھ 6 مئی 2015 21:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی مضر صحت برف بنانے والوں نے کام کا آغاز کردیا ، جعلی مشروبات اور آئس کریموں کا کاروبار بھی شروع ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے شروع ہوتے ہی اسلام آباد اور اس کے تمام مضافات میں مضر صحت پانی سے برف تیار کرکے فروخت کی جارہی ہے جبکہ جعلی مشروبات اور آئس کریموں کا بھی کام شروع ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ان مشروبات اور آئس کریموں سے بچوں میں پیٹ کی بیماریاں بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔ انتظامیہ ان بچوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو کھلا چھوڑ کر خاموش تماشائی بن گئی ۔ اس حوالے سے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مضر صحت مشروبات اور آئسکریموں کے کھانے سے بچوں میں پیٹ کی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور روزانہ ایسے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈاکٹرز نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی تمام مضر صحت مشروبات اور آئسکریموں کو کھانے سے روکیں ۔