ڈاکٹر ذوالفقار مرزا جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ ہیں، سید نجمی عالم

گینگ وار دہشتگردوں ،بھتہ خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن سے ذوالفقار مرزا بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن

بدھ 6 مئی 2015 21:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ ہیں اور وہ اسی وقت غیر اعلانیہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی سے علیحدہ ہوچکے تھے کہ جب پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے لے پالک گینگ وار کے دہشتگرد وں کو گرفتار کرنا شروع کردیا تھا ان گینگ وار دہشتگردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور ہر طرح سے کوششیں کیں کہ کسی طرح بھتہ خوروں کو نہ چھیڑا جائے کیونکہ ڈاکٹر ذوالفقار مرز اکو بھتہ کی رقوم براہ راست پہنچائی جاتی تھیں۔

سید نجمی عالم نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے سوال کیا کہ وہ قوم کو یہ حقیقت بھی بتائیں کہ وہ اور ان کی بیگم پی آئی اے کے تنخواہ دار ملازم ہوتے ہوئے کس طرح بڑے بڑے فارم ہاؤسز ، جاگیر، بینک بیلنس اور شوگر ملوں کے مالک بنے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو بارہا سمجھایا کہ وہ قانون شکنی اور سماج دشمن عناصر کی سرپرستی نہ کریں مگر وہ ہربار توبہ کرتے اور درپردہ اپنی مذموم حرکتیں جاری رکھتے جس پر پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے فیصلہ کن قدم اٹھایا اور بھتہ خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

انہوں نے کہا کہ تھانے پر حملے سمیت اپنے فارم ہاؤس پر موصوف اپنے حواریوں سمیت جس دھڑے سے اسلحہ کی نمائش کررہے تھے اسے کیمرے کی آنکھ سے پوری دنیا نے دیکھا۔