بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنی مارکیٹوں میں واقع دکانوں، دفاتر، اسٹالز کے کرایہ جات میں یکم جنوری 2015سے اضافہ کردیا

بدھ 6 مئی 2015 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنی مارکیٹوں میں واقع دکانوں، دفاتر، اسٹالز کے کرایہ جات میں یکم جنوری 2015سے اضافہ کردیا ہے یہ اضافہ 20 تا 50 فیصد تک کیا گیا ہے ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کونسل کے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس کی منظوری دے دی ہے جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی آمدنی میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوگا جبکہ یہ آمدنی بلدیہ کی مارکیٹوں کی مرمت و دیکھ بھال پر خرچ کی جائے گی آج بعض مارکیٹوں میں مرمت کے کام کی ضرورت ہے اگر ان کی فوری مرمت نہ کی گئی تو ان کی حالت مزید خراب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ایک روپے سے 500 روپے ماہانہ کرایہ تک 50فیصداضافہ جبکہ 501 روپے سے 1000روپے ماہانہ کرایہ تک 35 فیصد، 1001 روپے سے 2000روپے ماہانہ کرایہ تک 30فیصد، 2001 روپے سے 4000روپے ماہانہ کرایہ تک 25 فیصداور 4001 روپے ماہانہ سے زائد کرایہ تک 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی شہر میں70 مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز ہیں۔

(جاری ہے)

ان مارکیٹوں و شاپنگ سینٹرزمیں سے 63مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز ایسے ہیں جہاں دکانیں، دفاتر، اسٹال وغیرہ کرایہ کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں جبکہ مصلح الدین کھوڑی گارڈن اورسپرمارکیٹ لیاقت آبادمیں واقع کچھ دکانیں، دفاتر، اسٹال وغیرہ کرایہ کی بنیادپر اورکچھ مخصوص مدت کیلئے لیزپردئیے گئے ہیں۔

ان مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرزمیں سے 63مارکیٹوں اور شا پنگ سینٹرزمیں قائم دکانوں، دفاتر،اسٹالوں کے کرایہ جات میں 2006ء میں اضافہ کیا گیا تھا، اس کے بعد ان کرایہ جات کی شرح میں کوئی اضافہ عمل میں نہیں لا یا گیاجبکہ اس دوران مہنگا ئی کی وجہ سے تما م اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہواجس کی وجہ سے ان مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز میں واقع دکانوں، دفاتر، اسٹالوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے ضمن میں ہو نے والے اخراجات میں بھی روزبروز اضافہ ہورہاہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ان مارکیٹوں سے کرایہ کی مد میں جو رقم وصول ہو رہی ہے اس سے ان مارکیٹوں کی مرمت کے اخراجات بھی پورے نہیں ہو رہے کیونکہ ان کا کرایہ مارکیٹ ریٹ سے کئی ہزار گنا کم ہے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان مارکیٹوں میں کرایہ داروں کے کرایہ میں معمولی اضافہ کیا جائے تاکہ کرایہ داروں پر بھی زیادہ مالی بوجھ نہ پڑے اور ان مارکیٹوں کی مرمت کے اخراجات بھی نکالے جائیں لہٰذا اس کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مارکیٹوں میں واقع دکانوں، دفاتر، اسٹالز کے کرایہ جات میں یکم جنوری 2015سے مختلف شرحوں سے اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :