تمام شہری ودیہاتی علاقوں میں عوام کی جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے ، گورنر بلوچستان

کاروبار کی وسعت اور ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، محمد خان اچکزئی کی وفد سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2015 21:29

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تمام شہری ودیہاتی علاقوں میں عوام کی جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ صوبے بھر میں بالخصوص قومی شاہراہوں پر عوام کی جان ومال کی حفاظت اور امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز حاجی ظریف خان کاکڑ کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مائینز کنٹریکٹرز یونین آف کرومائیٹ کے چیئرمین یوسف خان کاکڑ بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا، روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ان کے کاروبار کی وسعت اور ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا صوبہ قدرتی وسائل ومعدنیات سے مالامال صوبہ ہے ، کوئلہ اور کرومائیٹ سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ حکومت نہ صرف مائینز مالکان اور مزدوروں کے مسائل ومشکلات سے بخوبی آگاہ ہے بلکہ ان کے مسائل کو حل کرنے کا بھرپور عزم بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت حالات بہت بہتر ہورہے ہیں، اس ضمن میں ان کی کوششوں کو ہرسطح پر منظم اور فعال بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

وفد نے گورنر بلوچستان کو کرومائیٹ کے روزگار سے وابستہ لوگوں کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرومائیٹ مائینز مالکان اور مزدور عدم تحفظ کا شکار ہیں، کرومائیٹ کراچی کی منڈیوں تک پہنچاتے وقت ان سے بھتے وصول کئے جاتے ہیں اور کئی ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ گونان گوں مسائل سے دوچار ہیں۔ گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل ومشکلات کو غور اور توجہ سے سنا اور کرومائیٹ مائینز مالکان کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم نوشیروانی اور ڈاکٹر بہرام خان اچکزئی نے بھی گورنر بلوچستان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :