بلدیاتی انتخابات میں مثبت تبدیلی کے لیے بھر پور حصہ لیں گے ‘ذکر اﷲ مجاہد

لوگوں کو آپس میں جوڑا جائے اور ایک دوسرے سے تعلق کو مضبوط بنایاجائے‘نائب امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 6 مئی 2015 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) نائب امیرجماعت اسلامی لاہورذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مثبت تبدیلی کے لیے بھر پور حصہ لیں گے اور عوام کو گروہی، فرقہ واریت کے تعصب سے نجات دلاکر ان کی توانیاں ایک بڑے مقصد کے لیے استعمال کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی وسطی لاہور کے بلدیاتی نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی وسطی لاہور کے بلدیاتی نمائندوں شاہد نوید ملک ،عمر شہباز،ملک محمد منیر ، حافظ نسیم چشتی ، ملک محمد نواز ، چوہدر ی ذوالفقار ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر محمد اشرف ، راؤ جاوید اقبال ، چوہدری محمد رفیق ، محمد طیب اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

حافظ سلمان بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو آپس میں جوڑا جائے اور ایک دوسرے سے تعلق کو مضبوط بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک بڑے مقصد کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور انتخابات بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہیں لہذا عوام کو انتخابات میں مثبت تبدیلی کے لیے جماعت کے ساتھ تعاون اور جدوجہد کرنا ہوگی۔ ہمارا مقصد اﷲ کی زمین پر اﷲ کے نظام کو نافذ کرنا ہے اور معاشرے میں پائی جانے والی ہر طرح کی خرافات کا خاتمہ ہے۔ہم عوامی طاقت کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور پاکستان کو مدینے جیسی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ تمام مسائل حل ہوجائیں اور پاکستان دنیابھر کے ممالک کے لیے ایک مثال بن جائے۔