پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول پاکستان کا امیج دنیا بھر میں یکسر بدل دے گا‘ رانا مشہود احمد خاں

پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں اجاگر کرنے کیلئے سپورٹس کے بڑے ایونٹس منعقد کئے ہیں‘رانا عبدالرحیم میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 6 مئی 2015 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن عوام کی جماعت ہے، اس لئے مسلم لیگ کی حکومت عوام کے لئے فلاحی، بہبودی اور تفریحی کام کررہی ہے، عوام کو زندگی کی ہر سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سپورٹس اور تفریح کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی صلاحیتوں اجاگر کرنے کیلئے سپورٹس کے بڑے ایونٹس منعقد کئے ہیں۔

20مئی سے شروع ہونے والے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول پاکستان کا امیج دنیا بھر میں یکسر بدل دے گا، دنیا پاکستان کے سپورٹس لوورز کے نام سے پہچانے گی- ان خیالات کا اظہار انہوں نے شام نگر چوبرجی گراؤنڈ میں رانا عبدالرحیم میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے، ٹورنامنٹ میں یو سی 83کی ٹیموں نے تینوں پوزیشنیں جیت لیں۔

رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں پنجاب حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں سپورٹس فیسٹیول اور پنجاب یوتھ فیسٹیول میں لاکھوں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع ملے اور نوجوانوں نے اپنے آپ کو دنیا بھر میں منوایا ہے۔

دنیا کو ثابت کیا ہے پاکستان کی یوتھ دنیا کی بہترین یوتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا عبدالرحیم میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں 132ٹیموں نے حصہ لیا، 6،6اوورز کے میچز میں نوجوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ٹاپ 6کھلاڑیوں کو پاکستان کی اکیڈمیز سے تربیت دلائیں گے اور ان کو اے کلاس کرکٹ میں کھیلنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 20مئی سے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں 40کے قریب غیرملکی ٹیموں کے 1411کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج یکسر بدل جائے گا، دنیا پاکستان کو سپورٹس لوورز کے حوالے سے پہچانے گی۔ پنجاب حکومت کے زیراہتمام گزشتہ تین برسوں سے سپورٹس اور پنجاب یوتھ فیسٹیول منعقعد ہو رہا ہے جس میں لاکھوں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا بھر میں منوایا ہے۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول کو گینز ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا ہے جس پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہ کامیابی ان کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے نوجوانوں کو دھرنوں یا احتجاج میں شامل کرنے کی بجائے ان کو سپورٹس جیسی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا ہے۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل، تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، تقریب میں سیاسی و سماجی رہناؤں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :