Live Updates

سیالکوٹ سے پیپلزپارٹی کے سابقہ ایم پی اے طاہر محمودہندلی کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

فوج کے خلاف الطاف حسین کی شرانگیز تقریرکی شدید مذمت ،کوئی محب الوطن شہری پاکستانی فوج کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دیگا این اے 125 تفصیلی فیصلے نے پی ٹی آئی کے انتخابات میں دھاندلی کے موقف کو درست ثابت کردیا ‘ اعجاز چوہدری کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 6 مئی 2015 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے پنجاب سیکرٹریٹ میں سیالکوٹ سے پیپلزپارٹی کے سابقہ ایم پی اے طاہر محمودہندلی کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر ڈار ، ریجنل صدر بیرسٹر منصور سرور ، اسلم گھمن، چوہدری شاہنواز، اکمل چیمہ، علی ارشد ملہی، میجر(ر) سیف چیمہ، میاں نعیم جاوید، ہارون گھمن ، میاں رفیق، باؤ طارق بٹ، ضیا ء اﷲ خارا، رانا ساجد شوکت ، بیرسٹر آصف ،وقاص افتخار بٹ، فیاض اقبال چیمہ ، سلمان سیف چیمہ اور نعمان چٹھہ سمیت دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف فوج کے خلاف الطاف حسین کی شرانگیز تقریرکی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں الطاف حسین کی تقریر کے خلاف قرار داد جمع کروا دی ہے کوئی محب الوطن شہری پاکستانی فوج کی توہین کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

شرانگیز مواد کو نشر سے روکنے کے لئے ٹی وی چینل بھی اپنی پالیسی مرتب کریں تاکہ عام آدمی تک وہ نفرت انگیزمواد نہ پہنچے۔ الطاف حسین کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں ،الطاف حسین کی فوج کے خلاف تقریر اور بھارتی ایجنسی را کو پاکستان میں مداخلت کی دعوت دینا شرمناک اور مجرمانہ فعل ہے ۔

پی ٹی آئی برطانیہ اورپاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ الطاف حسین کی فوج کے خلاف شرانگیز تقریر کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران غریب عوام کی فلاح و بہبود ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔تحریک انصاف نے دوسال عدالتی ، قانونی اور سڑکوں پر جدوجہد کی ہے ۔ این اے 125 تفصیلی فیصلے نے پی ٹی آئی کے 2013 ء کے انتخابات میں دھاندلی کے موقف کو درست ثابت کردیا ہے ۔

ایک سال کے اندر وزیراعظم اور وزیرخزانہ کے اثاثوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے جبکہ شریف خاندان کا کاروبار دن بدن اوپر جا رہا ہے۔حکمران ہمیشہ سے ملک کو لوٹ رہے ہیں ، لیکن اب ایسا نہیں ہو گاکیونکہ عوام میں شعور اجاگر ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ سرمایہ داری کی سیاست چھوڑ کر ملکی مفادات کے لئے کام کرے ، حکومت بزنس پالیسی کے تحت ملک چلا رہی ہے (ن) لیگ کی حکومت میں سرمایہ داروں کو فائدہ اور ملک کو نقصان پہنچا ہے۔

اعجازاحمدچوہدری نے طاہر محمودہندلی کو ساتھیوں میں تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا کہ وہ تحریک انصاف میں غیر مشروط پر شامل ہوئے ہیں اور وہ شفاف کردار کے مالک ہیں۔ سیالکوٹ میں تحریک انصاف تیز ی سے مقبول ہو رہی ہے ،وہاں کے باشعور عوام عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ طاہر محمود ہندلی اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت سے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوگی۔

طاہر محمود ہندلی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں اور میرے ساتھی اقتدار کی خاطر نہیں بلکہ ملک کو بچانے کے لئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں، میں پہلے سے زیادہ پی ٹی آئی کی قیادت سے ملکر اپنے ضلعے میں محنت اور لگن سے کام کروں گا۔ علاقے کی ترقی کے لئے پوری کوشش کروں گا اور میں اپنی پارٹی تحریک انصاف کی مضبوطی اور کامیابی کے لئے تمام کاوشوں کو بروئے کا ر لاؤں گا۔

عمرڈار ، چوہدری شاہنواز اور اسلم گھمن نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور پاکستان کے باشعور عوام اس میں جوق در جوق شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔ طاہر محمود ہندلی کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ تحریک انصاف عوا م کوکبھی مایوس نہیں کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات