لولی لنگڑی دو نمبر جمہوریت کے ذریعے عوام کا استحصال ہو رہا ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جعلی الیکشن کے حقائق قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،تکبر کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں ‘صاحبزادہ حامد رضا

بدھ 6 مئی 2015 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نسل در نسل حکمرانی کرنے والوں نے قوم کو کچھ نہیں دیا ،لولی لنگڑی دو نمبر جمہوریت کے ذریعے عوام کا استحصال ہو رہا ہے،جعلی الیکشن کے حقائق قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،تکبر کے بت پاش پاش ہونے والے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے جنرل سیکرٹری صاحبزاد ہ معاذ المصطفیٰ کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اسی فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ ملک کے اٹھانوے فیصد وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے۔حکمرانوں کی شاہ خرچیوں نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ دھاندلی کے خلاف جدوجہد کرنے والی جماعتوں کی کامیابی ہے۔جعلی وزیر سے دو سال کی تنخواہ واپس لیکر قومی خزانے میں جمع ہو نی چاہیے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری حکمرانوں کی ملکی معیشت پر خود کش حملہ ثابت ہو گا۔پاکستانی سیاست سے زر اور شر کو نکالنے کیلئے قوم بیدار ہو جائے۔رحیم یار خان میں پولیس اہلکاروں کے اغوا ء کے واقعے سے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھل گیا ہے۔ایان ، ذو الفقار مرزا اور عزیر بلوچ پورا سچ بول دیں تو معزز چور کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔بد زبانی اور بد عنوانی نے جمہوریت کو ناکام کر دیا ہے۔پاکستان میں جمہوریت میوزیکل چیئر کا کھیل بن چکی ہے۔الیکشن سے پہلے بلند و باگ دعوے کرنے والی مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو مزید اندھیروں میں ڈال دیا ہے۔حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے غربت اور بیروزگاری بڑھی ہے۔

متعلقہ عنوان :