شہبازشریف کا جنوبی پنجاب کے شہروں کا 8گھنٹے طویل دورہ ،والہانہ استقبال

بوریوالہ میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ایک بڑے اجتماع میں بدل گیا، جلسے کا منظر پیش کرنے لگا یہاں قومی وسائل لوٹے گئے لیکن ہم نے ایک منصوبے میں قوم کے 2ارب روپے بچائے ہیں‘محمد شہبازشریف

بدھ 6 مئی 2015 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے شہروں بوریوالہ اور وہاڑی کا 8گھنٹے طویل دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا،وزیراعلیٰ شہبازشریف جہا ں سے گزرے لوگ بڑی تعداد میں باہر آگئے اور انہوں نے وزیراعلیٰ کا والہانہ استقبال کیا۔

بوریوالہ میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ایک بڑے اجتماع میں بدل گیااور جلسے کا منظر پیش کرنے لگاجس پروزیراعلیٰ نے عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وہاں موجود شخصیات نے کہاکہ ہم عام انتخابات کے بعد یہ منظرپہلی دفعہ دیکھ رہے ہیں اور یہ اس امر کا اظہار ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام اپنے محبوب قائد سے والہانہ محبت رکھتے ہیں -لوگوں کی بڑی تعداد نے اس موقع پر وزیراعلیٰ ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘اور’’ دیکھو دیکھوکون آیا ،شیر آیا ،شیر آیا‘‘ کہ واشگاف نعرے لگائے-وزیر اعلیٰ شہبازشریف وہاں موجود عوام میں گھل مل گئے اور ان سے مختصر خطاب کیا-وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم سولرپارک میں 100میگا واٹ سولر منصوبے میں سب سے کم بولی دینے والی چینی کمپنی کے ساتھ کامیاب بات چیت کر کے قومی خزانے کے 2ارب روپے بچائے گئے ہیں- پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل بچانے کی ایسی مثال نہیں ملتی کیونکہ یہاں پر قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیاہے، یہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے جس نے 2ارب روپے صرف ایک منصوبے میں بچائے ہیں-وزیر اعلیٰ محمدشہبا ز شریف نے جب کہا کہ دھرنے والوں نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا یااور ترقی کے عمل میں خلل ڈالا جس پر وہاں موجود عوام نے دھرنے والوں کے خلاف’’ شیم شیم‘‘ کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :