موٹر ڈیلرز کی خالد بن ولید روڈ پر تقریباً 27,125 اسکوائر فٹ کی سرکاری اراضی پر کار پارکنگ غیر قانونی ہے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی

بدھ 6 مئی 2015 20:42

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے میونسپل کمشنر نادر خان کے ہمراہ آل کراچی موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد شہزاد اور ان کے وفد سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے خصوصی میٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ خالد بن ولید روڈ پر تقریباً27,125 اسکوائر فٹ کی سرکاری اراضی پر موٹر ڈیلرز نے گاڑیاں پارک کی ہوئی ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے موٹر ڈیلرز کو ہدایت دی گئی کہ فوری طور پر گاڑیوں کو کسی اور جگہ منتقل کریں یا شورم کی حدود میں پارک کریں ۔

اس موقع پر موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ممبران کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ شاہ زیب شیخ اور ڈائریکٹر( ریگولیشنز) زاہد بن خلیل بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمدنے اس موقع پرکہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر کے تحت پبلک پاتھ وے ، فٹ پاتھ اور دیگر جگہوں سے تجاوزات کاخاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر موٹرڈیلرزکی سرکاری اراضی پر کار پارکنگ کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ یہ غیر قانونی بھی ہے اور اس کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں لہذا سرکاری اراضی پر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جو اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانونی کاروائی سے گریز نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موٹر ڈیلرز کی تجاویز بھی زیر غور ہیں جس پر آل کراچی موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ممبران نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائیگا ۔