واٹر پمپنگ اسٹیشن پر کراچی الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ ملک دشمنی ہے ،نجمی عالم

بدھ 6 مئی 2015 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم، نائب صدر اظہار الحق حسن زئی، نائب صدر حبیب حسن بلوچ اور قائم مقام سیکریٹری اطلاعات منظور عباس نے واٹر پمپنگ اسٹیشن پر کراچی الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ پر شدید تحفظات کااظہار کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے آج تک نہ تو ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کی حیثیت سے خود کو منوایا ہے اور نہ ہی حب الوطنی کے تقاضے پورے کئے ہیں۔

کے الیکٹرک کی وجہ سے نہ صرف صنعتی یونٹس بند ہورہے ہیں جن سے ملکی معیشت کا جنازہ نکل رہا ہے بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی مفلوج بنا دی گئی ہے ۔ کے الیکٹرک نے واٹر بورڈ کے ذمہ واجبات کی عدم ادائیگی کی آڑ لے کر کراچی کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

حالانکہ کے الیکٹرک خود اربوں کی نادہندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جس وقت کے ای ایس سی موجودہ کے الیکٹرک کو پرائیویٹ کیا جارہا تھا اس وقت پی پی پی نے بھرپور مخالفت کی تھی لیکن اس وقت کے ڈکٹیٹر جنرل (ر) پرویز مشرف ، امپورٹڈ وزیراعظم شوکت عزیز اور پرویز مشرف کے حواریوں نے پی پی پی کی مخالفت کے باوجود کے الیکٹرک کو ان ہاتھوں میں سونپ دیا جن کی کارکردگی کے ثمرات پورے وطن عزیز پر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کے الیکٹرک کو متنبہ کیا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لے اور ملک بالخصوص کراچی میں انتشار کا باعث نہ بنے بصورت دیگر اس کا ہر فورم پر محاسبہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :