حوثیوں کے سعودی سرزمین پر حملے اور معصوم شہریوں کا قتل ناقابل برداشت ہے ، مولانا فضل الرحمن خلیل

تحریک دفاع حرمین کے تحت منعقدہ سیمینار میں دفاع حرمین اور یمن کی موجودہ صورتحال بارے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،بیان

بدھ 6 مئی 2015 20:15

اسلام آباد‘لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) تحریک دفاع حرمین شریفین کے ترجمان و امیر انصارالامہ پاکستان مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ سینیگال کی طرح پاکستانی فوج بھی حرمین شریفین کے دفاع کے لیے سرزمین حجاز بھجوائی جائے ،حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی سرزمین پر حملے ،شہریوں کی شہادت او ر سعودی فوجیوں کا اغواء کھلی دہشت گردی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،پاکستان کا بچہ بچہ دفاع حرمین کے لیے ہر وقت تیارہے اور کہاہے کہ بارہ مئی کو اسلام آباد میں تحریک دفاع حرمین کے تحت منعقدہ سیمینار میں حرمین شریفین کے دفاع اور یمن کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

گزشتہ روز تحریک دفاع حرمین شریفین کی رابطہ کمیٹی کے ممبران مولانا عبدالرحمن معاویہ اور زاہد منان سے ملاقات کے بعدمیڈیا کوجاری کردہ بیان میں مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کا بنیادی فریضہ ہے اور پاکستانی قوم اس اہم فریضہ کے لیے ہر وقت تیار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یمن میں جاری جنگ کو حتمی نتیجے تک پہنچانے اور باغی عناصر کی سرکوبی کے لیے سینی گال کی طرح پاکستانی فوج بھی فی الفور بجھوائی جائے تاکہ حرمین شریفین کادفاع یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یمنی عوام کو تحفظ اور دہشت گردوں کی سرکوبی کی جاسکے ۔

مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ حوثی باغیوں کی جانب سے حرمین شریفین پر حملے کی دھمکیوں کو صرف دھمکی سمجھنا مناسب نہیں ہے گزشتہ روزسعودی سرحد پر حملے ، دو شہریوں کی شہادت اورپانچ سعودی فوجیوں کے اغواء کا واقعہ معمولی نہیں ہے اس واقعہ سے حوثی باغیوں کے ناپاک عظائم واضع ہوتے ہیں ،ان حالات میں ضروری ہوگیاہے کہ یمن میں جاری جنگ کو منطقی انجام تک جلد از جلد پہنچایا جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ بارہ مئی بروز منگل اسلام آباد میں تحریک دفاع حرمین شریفین کے تحت ایک اہم ترین سیمینار کرایا جارہاہے جس میں پاکستان کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیات شرکت کررہی ہیں اس موقع پر تحریک دفاع حرمین شریفین کی جانب سے یمن کی موجودہ صورتحال اور دفاع حرمین کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔