چیئرمین سینیٹ نے وقفہ سوالات کے دوران سی ڈی اے ممبران اور جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی غیرموجودگی پر معاملہ خصوصی کمیٹی برائے استحقاق کو بھجوا دیا

سی ڈی اے والے خود پارلیمنٹ سے بالاتر سمجھتے ہیں، رضاربانی کے ریمارکس

بدھ 6 مئی 2015 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سی ڈی اے ممبران آپریشن و پلاننگ اور جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی غیرموجودگی پر معاملہ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے استحقاق کو بھجوا دیا، انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے والے خود پارلیمنٹ سے بالاتر سمجھتے ہیں ۔ بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے اور پاکستان پولیس کیڈر میں صوبوں کی نمائندگی بارے سینیٹروں کے ضمنی سوالات کے قابل اطمینان جوابات نہ ملنے پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ وہ لابی میں سی ڈی اے حکام اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام سے مل کر مذکورہ سوالوں کے جوابات حاصل کریں، تقریباً 15منٹ بعد شیخ آفتاب نے ایوان میں آ کر بتایا کہ سی ڈی اے کے ممبر آپریشن اور ممبر پلاننگ جبکہ جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پارلیمنٹ میں موجود نہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سوالوں کے جوابات حاصل نہیں کئے جا سکے۔

(جاری ہے)

اس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی ڈی اے والے شاید خود کو پارلیمنٹ سے بالاتر سمجھتے ہیں جبکہ یہی حال اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا ہے۔ انہوں نے دونوں محکموں کے حکام کا معاملہ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے استحقاق کو مزید کارروائی کیلئے بھجوا دیا۔

متعلقہ عنوان :