پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کبھی تو شروع ہونی تھی ،خوشی ہے زمبابوے کی ٹیم آغاز میں اہم کردار ادا کر رہی ہے زمبابوے کی پوری ٹیم پاکستان کادورہ کرے گی ، پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی کھیلنے کے خواہشمند ہیں لیکن آغاز لاہور سے کیاہے، سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں،پاکستان کی ٹیم بھی زمبابوے کادورہ کرے گی

زمبابوے سکیورٹی وفد کے سربراہ ایلسٹر کیمبل میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2015 19:43

پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کبھی تو شروع ہونی تھی ،خوشی ہے زمبابوے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آنے والے وفد نے سکیورٹی انتظامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کردیا جبکہ سکیورٹی وفد کے سربراہ ایلسٹر کیمبل نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کبھی تو شروع ہونی تھی اور خوشی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، زمبابوے کی پوری ٹیم پاکستان کادورہ کرے گی جبکہ پاکستان کی ٹیم بھی زمبابوے کادورہ کرے گی، پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی کھیلنے کے خواہشمند ہیں لیکن آغاز لاہور سے کیاہے، سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔

سابق کرکٹر اور زمبابوین کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایلسٹر کیمبل کی سربراہی میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وفد بدھ کو لاہور پہنچا جسکا پی سی بی حکام نے لاہور ائیر پورٹ پراستقبال کیا جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے آنے والے وفد کو زمبابوے ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹھہرائے جانے کے مقام ،قذافی ا سٹیڈیم ، مہمان ٹیم کے پویلین اورسپورٹس بورڈ کنٹرول روم کا دورہ کرایا گیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آ فیسر سبحان احمد ،جنرل مینیجر سکیورٹی کرنل (ر) اعظم، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور اور دیگر نے زمبابوین حکام کو سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس پر سکیورٹی وفد نے پی سی بی اور حکومت کی طرف سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر زمبابوے کرکٹ ٹیم کی حفاظت کیلئے فرائض سر انجام دینے والی جنوبی افریقی سکیورٹی کنسلٹنٹ کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

وفد کے سربراہ ایلسٹرکیمبل نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کے حوالے سے اپنے کرکٹ بورڈ کو رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کو محفوظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کبھی تو شروع ہونی تھی ، خوشی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت جذباتی ہوں، زمبابوے ٹیم خوشی سے آ رہی ہے، کرکٹ کو ترسے پاکستانی شائقین کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات اور سکیورٹی سے مطمئن ہیں اور زمبابوے کرکٹ ٹیم 19 مئی کو دورہ پاکستان کے لیے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وفد کے سربراہ نے کہا کہ وہ پنجاب سپورٹس بورڈ میں کئے جانے والے بہترین انتظامات اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے کامیاب ایونٹس پر بہت خوشی ہے ،زمبابوے کرکٹ ٹیم پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ میں خود پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیل چکا ہوں ۔ہم لاہور سے آغاز کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ واپس آ کر مزید شہروں میں بھی کھیلیں گے، ہم پاکستان سے بہتر تعلقات بنانے کیلئے پرامید ہیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہورمیں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جس سے ہم مطمئن ہے۔زمبابوے کی پوری ٹیم طے شدہ شیڈول کے مطابق19مئی کوپاکستان کادورہ کرئے گی جس کے بعدپاکستانی ٹیم زمباوے کاجوابی دورہ کرے گی۔

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔لیکن ورلڈ کپ کے دوران زمبابوین بورڈ سے دورہ پاکستان کی بات چیت شروع ہوئی جس کے بعد 30 اپریل کو چیئرمین زمبابوین کرکٹ بورڈ ولسن مناسے نے دورہ پاکستان کی باقاعدہ تصدیق کی۔زمبابوے کی ٹیم قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم اور اس کے گردو نواح میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں اور پر امید ہیں کہ دورہ شاندار رہے گا۔

متعلقہ عنوان :