آفات سے نمٹنے کیلئے ہر گھر میں تربیت یافتہ رضا کار ضروری ہے، صد ر ممنون حسین

بدھ 6 مئی 2015 18:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) صدرِ مملکت ممنون حسین نے ہلالِ احمر مرکز میں عالمی ریڈ کراس / ریڈ کریسنٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں قدرتی آفات اور سیلاب آتے رہتے ہیں ۔ تربیت یافتہ رضاکار کسی بھی تباہی کے نقصانات کو کم کرسکتے ہیں۔ ہر گھر میں ایک تربیت یافتہ رضاکار کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

صدرِ مملکت نے قدرتی آفات، زلزلہ، سیلاب اور قحط کے دوران ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان قدرتی آفات اور دیگر حادثات کے دوران دُکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے اور ہماری رضاکاروں کی فورس ہمہ وقت قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

ہلالِ احمر پاکستان اسلام آباد/ راولپنڈی کیلئے ایمبولینس ایمرجنسی سروس اور ہیلپ لائن 1030 کام کررہی ہے اور مشکل میں وقت میں ہر وقت تیار رہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میثاقِ انسانیت کے تحت ہلالِ احمر پاکستان مدارس اور مساجد کے طلباء اور مختلف سرکاری اداروں کے افراد کو رضاکار کے طور پر بھرتی کررہی ہے اور یہ افراد رضاکارانہ طور پر ہلالِ احمر پاکستان کے بلڈ ڈونر اور والنٹیئرز ہیں۔ تقریب کے آغاز پر صدرِ پاکستان نے نو تعمیر شدہ فاطمہ جناح آڈیٹوریم کا افتتاح کیا اور ریڈ کراس کے بانی ہنری ڈؤننٹ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

متعلقہ عنوان :