کراچی کو ایک منظم سازش کے تحت مسائلستان بنا دیا گیا ہے،راشد نسیم

صرف دیانتدار قیادت ہی گامزن اوراہل کراچی کے دکھوں کا مداوا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،نائب امیر جماعت اسلامی

بدھ 6 مئی 2015 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ کراچی کو ایک منظم سازش کے تحت مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔بجلی،پانی بحران سمیت بدامنی ودہشتگردی سے نجات اورشہر کی تعمیر وترقی کی شاہراہ پر صرف دیانتدار قیادت ہی گامزن اوراہل کراچی کے دکھوں کا مداوا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔گلے سڑے نظام اور کرپٹ قیادت نے بے شمارمسائل اوردکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔

عوام کو حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کی مُخلص وبے لوث قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔پروفیسر غفوراحمد،عبدالستارافغانی اور نعمت اﷲ خان کاکردار پوری قوم کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی کے تحت زون نارتھ ناظم آباد کے تحت ہرسطح کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر زون اویس یاسین اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کراچی ایک غریب پرور شہر کے طور پر پہچانا جاتا تھا،ملک بھر سے لوگ یہاں اپنے معاش کیلئے آتے تھے مگر اب شہر کراچی کی پہچان بوری بند لاش اوراس طرح کی صورتحال پیدا کرکے غریبوں کیلئے روزگار کے دروازے بند کئے گئے ہیں۔انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ داعیانہ کردار کا تقاضہ ہے کہ لوگوں کو خیر خواہی ،ہمدردی اوردوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوکر دلوں کو فتح کیا جائے۔ان شاء اﷲ جماعت اسلامی قیام امن،تعمیر وترقی اور شہر کراچی کو اپنا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :