محنت کشوں کے حقوق کی پہلی آواز ہمیشہ سی ڈی اے مزدور یونین نے بلند کی،چوہدری محمد یاسین

28اپریل اور یکم مئی کے جلسے میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنا دو ٹوک موقف پیش کیا سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے دوران سروس وفات پانے والے ملازم اندریاس مسیح کی بیوہ کو مبلغ اڑھائی لاکھ روپے کا امدادی چیک دینے کی تقریب سے خطاب۔

بدھ 6 مئی 2015 18:42

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے میں پہل کی اورجب بھی ادارے اور ملازمین کے مفاد کا مسئلہ درپیش ہوا تو بطور یونین لیڈر اپنا دو ٹوک موقف پیش کیا اور اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن اور سی ڈی اے کی تقسیم کے بارے میں ملازمین میں جو خدشات پائے جاتے ہیں اور محنت کش جن تحفظات کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں اس کے بارے میں سی ڈی اے مزدور یونین نے سب سے پہلے 28اپریل کو چیئرمین آفس میں جلسہ منعقد کر کے ہزاروں ملازمین کی موجودگی میں اپنا موقف پیش کیا اور یکم مئی کو ارکان پارلیمنٹ ،ٹریڈ یونینز کے عہدیداران اور محنت کشوں کے سامنے اپنے تحفظات اور خدشات کو کھل کر بیان کیا لیکن قابل افسوس امر یہ ہے کہ مزدور دشمن ٹولہ جس نے ہمیشہ منافقت اور کردار کشی کی سیاست کی وہ اس وقت بھی ادارے کی بقاء اورمحنت کشوں کے بچوں کے مستقبل کی فکر کرنے کی بجائے اپنی سیاسی دوکان چمکانے کی خاطر ڈھول گروپ کا کردار اد اکر رہے ہیں ، ان لوگوں کو نہ تو ادارے کی بقاء کی فکر ہے اور نہ ہی ملازمین کے مسائل سے آگاہی ہے ،یہ صبح ملازمین کو بے وقوف بنانے کی خاطر نعرے بلند کرتے ہیں اور شام کو سیاستدانوں کے ڈرائنگ روموں میں بیٹھ کر آنے والے بلدیاتی الیکشن میں حمایت کے بدلے مال جمع کرنے کے چکر میں مصروف دکھائی دیتے ہیں ،سی ڈی اے مزدور یونین کو مسلسل تین مرتبہ محنت کشوں نے اپنے مینڈیٹ سے نوازا ہے اور ہم سی ڈی اے ملازمین کو واضح طور پر یہ یقین دلا چکے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر سی ڈی اے ملازمین کے مفادات کا سودا نہیں کیا جائے گا ،ہم نے ادارے کی بقاء کی خاطر ہر اس شخص کی آواز میں آواز ملائی جو محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرتا ہو چاہے اس کا تعلق کسی بھی تنظیم سے ہو ،ہم نے سی ڈی اے کی تقسیم کے حوالے سے ملازمین کے خدشات و تحفظات سے حکمران جماعت ،قائد حزب اختلاف اور ارکان پارلیمنٹ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو آگاہ کیا اور سی ڈی اے مزدور یونین اس مسئلے کے بہتر حل کے لیے اپنے وکلاء سے بھی مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے ،ہم پہلے بھی یہ بات واضح کر چکے ہیں کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلوں اور جمہوری اداروں کا احترام کرتے ہیں اور جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ادارے کی تقسیم اور ملازمین کو ملنے والی مراعات کے بارے میں سی ڈی اے محنت کشوں میں جو خدشات پائے جاتے ہیں ہم ان کا بہترین حل نکالنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے دوران سروس وفات پانے والے ملازم اندریاس مسیح کی بیوہ کو مبلغ اڑھائی لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کیا ۔