ذوالفقار مرزا سمیت 11ساتھیوں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا

مرزافارم ہاؤس کے اطراف سے اضافی پولیس نفری ہٹالی گئی،سابق وزیر داخلہ سندھ کی اوطاق میں لوگوں سے ملاقاتیں

بدھ 6 مئی 2015 18:37

ذوالفقار مرزا سمیت 11ساتھیوں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا

بدین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا سمیت ان کے 11ساتھیوں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔دوسری جانب مرزا فارم ہاؤس کے اطراف سے اضافی پولیس نفری ہٹالی گئی ہے ۔اب صرف اطراف میں بدین پولیس کے اہلکار موجود ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کڑیو گھنور میں ذوالفقار مرزا سمیت ان کے 11ساتھیوں کے خلاف ارادہ قتل اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دفعات شامل کرکے ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پولیس نے مرزا فارم ہاؤس کے اطراف سے پولیس کی اضافی نفری اور موبائلز ہٹالی ہیں واضح رہے کہ ذوالفقار مرزا کے فارم ہاؤس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔اب صرف وہاں پر بدین پولیس کے اہلکار موجود ہیں ۔جبکہ ذوالفقار مرزا نے اپنی اوطاق میں لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی ہیں ۔ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے میرے گھر کا محاصرہ ختم کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میری اور آصف زرداری کی دوستی ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر ہونے کے بعد پولیس فورس کو ہٹایا گیا ہے ۔