وزیر اعظم نواز شریف کی امیر حیدر خان ہوتی کے گھر آمد ٗ والد کی وفات پر تعزیت

مرحوم سینیٹر اعظم ہوتی سچے سیاسی قائد تھے ٗ سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ٗ وزیر اعظم

بدھ 6 مئی 2015 18:31

مردان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سابق وزیر اعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی سے ان کے والد اعظم خان ہوتی کی وفات پر ان کے گھر ہوتی ہاؤس جا کر تعزیت کی ۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب خان ،وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام ،سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا ،کیپٹن صفدر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

اے این پی کے قائدین امیر حیدر خان ہوتی ، حاجی غلام احمد بلور ، حاجی عدیل،عاقل شاہ اور میاں افتخارحسین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کچھ دیر ان کے ساتھ رہے اس موقع پروزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ مرحوم سینیٹر اعظم ہوتی ایک سچے سیاسی قائد تھے ۔ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے اے این پی کے جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کی جرات و بہادری کو سراہتے ہیں آپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اکلوتے بیٹے کو بھی قربان کیا مگر دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ آپ ایک بہادر اور عظیم انسان ہے ، ہمیں آپ پر فخر ہے ۔وزیر اعظم نے مرحوم سینیٹر اعظم ہوتی کے ایصال ثواب اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔