آصف زر داری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد کل کابل جائے گا، افغان چیف ایگزیکٹو اور صدر سے ملاقات کریگا

بدھ 6 مئی 2015 18:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زر داری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا وفد جمعرات کو کابل جائے گا، وفد چیف ایگزیکٹو افغانستان عبداﷲ عبداﷲ اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریگا۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد مختصر دورے پر کابل جائے گا۔

(جاری ہے)

وفد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی اور سابق وزیر اطلاعات شیریں رحمان بھی شامل ہوں گی۔

پیپلز پارٹی کا وفد افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداﷲ عبداﷲ اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کرے گا۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان پاک افغان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے دورہ افغانستان کی تصدیق کر دی۔