وزیرِ داخلہ سے آسٹریلوی وزیر خارجہ کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، اینٹی منی لانڈرنگ، دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 6 مئی 2015 18:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء)وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آسٹریلین وزیر خارجہ جولی بشپ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف امور میں باہمی تعاون کے فروغ، اینٹی منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے ، انسانی سمگلنگ کے تدارک، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آسٹریلین وزیر خارجہ جولی بشپ نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستانی حکومت اور عوام کی موجودہ جدوجہد اور انکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر داخلہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آسٹریلیا ان چند دوست ممالک میں سے ہے جو عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کی جدوجہداور زمینی حقائق کا صحیح طور پر ادراک رکھتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرنے، بشمول پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی تربیت ،پر حکومت آسٹریلیا کے مشکور ہیں، دونوں رہنماؤں کا سیکیورٹی اورانٹیلی جنس جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔