سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرز ااپنی بیوی کی سیاسی عاقبت بھی خراب کررہے ہیں ، محمد جمیل

بدھ 6 مئی 2015 17:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل نے کہا ہے کہ سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرز ااپنی بیوی کی سیاسی عاقبت بھی خراب کررہے ہیں انہیں پیپلز پارٹی سے بغاوت کا پورا حق ہے مگر آئین اور قانون سے بغاوت کی حمایت نہیں کی جاسکتی،آج یہاں ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرز اکی پریس کانفرنس میں شوہر سے وفا کا عنصر غالب رہا ،خاتون رکن قومی اسمبلی اگر اپنے شوہر کوآئین اور قانون کے احترام کابھی مشورہ دے دیتیں تو یقینا پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ،تھانوں پر دھاوا بول کر ہنگامہ آرائی اور توڑپھوڑ کسی شریف سیاستدان یا شہری کا طرہ امتیاز نہیں ہوسکتی، کیا ڈاکٹر ذوالفقار مرزاکو45سالہ دوستی کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری میں برائیاں نظر آنے لگی ہیں،اگر آصف علی زرداری برے تھے تو یقینا انکے دوست بھی اچھے نہیں ہوسکتے،سابق وزیر داخلہ ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی بجائے ہوش کے ناخن لیں اور ہنگامہ آرائی اور اسلحہ کی سیاست ترک کرکے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاست کریں،جس آصف علی زرداری نے انہیں سندھ کاوزیر داخلہ اور انکی بیوی کو قومی اسمبلی کا اسپیکر بنایااس پر بیہودہ الزامات زیب نہیں دیتے،انہوں نے کہا ڈاکٹر ذوالفقار مرزاآستین کے سانپ کا کردار ادا کررہے ہیں ،انکی بیوی کوبطور اسپیکر قومی اسمبلی جو عزت اور احترام ملا وہ پیپلز پارٹی کی بدولت ہی تھا۔